Jul ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۳۱ Asia/Tehran
  • یورینیم کی افزودگی کا عمل متاثر نہیں ہوگا: ایران

نطنز کی ایٹمی تنصیبات میں حالیہ حادثہ کے باجود یورینیم کی افزودگی کا عمل متاثر نہیں ہو گا۔

یہ بات ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی نے سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ نطنز کی ایٹمی تنصیبات کے متاثرہ شیڈ کی تعیمر نو کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔

بہروز کمالوندی نے کہا کہ جس شیڈ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے وہ اپنی پوری گنجائش کے مطابق کام نہیں کر رہا تھا اور اس میں توسیع کا منصوبہ زیر غور تھا کہ حادثہ رونما ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ مالی نقصان ضرور ہوا ہے۔

ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے کہا کہ اس حادثے کی وجہ سے جدید ترین سینٹری فیوج مشینوں کی پیداوار سست ہونے کا امکان پایا جاتا ہے جس پر ہمارے نوجوان ماہرین اپنی انتھک محنت کے ذریعے جلد قابو پالیں گے۔ ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے نطنز کی ایٹمی تنصیبات میں پیش آنے والے حادثہ کی وجوہات کے بارے میں کہا کہ یہ حادثہ کیوں اور کس طرح پیش آیا اس کا مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔

ٹیگس