دشمن نے پابندیاں بھی لگائیں، مذاکرات کی درخواست بھی کی: صدر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کورونا کے پھیلاؤ کے دور میں بھی ایران کے عوام کے خلاف امریکہ کی طبی و اقتصادی دہشتگردی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی پابندیوں کا خاتمہ مذاکرات کے لئے پیشگی شرط نہیں بلکہ حقیقت ہے۔
صدرِ ایران نے پیر کی شام صنعت کاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی شدید ترین پابندیوں کو دوسال کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس دوران اس نے بارہا مذاکرات کی درخواست کی ہے۔
ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ اگر حکومت امریکی پابندیوں اور بیرونی دباؤ کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے اور اس پر فخر کرتی ہے تو یہ تمام صنعت کاروں، سرمایہ کاروں اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے والوں کی کوششوں کے طفیل میں ممکن ہو سکا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی مصنوعات، کیفیت کے لحاظ سے عالمی منڈی میں اپنی جگہ بنانے کے لائق ہیں۔ صدر روحانی نے گزشتہ سات برس میں اسٹیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی پیداوار دوگنا ہونے کو ایرانی صنعت کاروں، ماہرین اور محنت کشوں کے ہنر اور گرانقدر اقدام کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ پیداوار میں ہونے والے اس اضافے نے اسٹیل اور پیٹروکیمکل صنعت میں ایک بڑی تبدیلی پیدا کر دی ہے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں اسٹیل اور پیٹروکیمیکل کے میدانوں میں جدید پروجیکٹ کے افتتاح سے ایرانی عوام ملک میں ترقی کے عمل اور پیداوار میں فروغ کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link