Jul ۳۱, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۰ Asia/Tehran
  • باہمی معاشی تعلقات کے فروغ پر ایران اور آذربائيجان کی تاکید

ایران اور آذربائیجان کے سربراہان مملکت نے دونوں ملکوں کے معاشی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی کوشش کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعے کے روز آذربائيجان کے صدر الہام علی اوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انھیں اور آذری قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ دنیا کے تمام مسلمان، اسلامی اتحاد کے ایک مظہر کی حیثیت سے اس عید کی برکتوں سے بہرہ مند ہوں گے۔ انھوں نے تہران اور باکو کے اچھے تعلقات اور تعاون اور اسی طرح دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنانے میں دونوں ملکوں کے حکام کی کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ تعلقات میں ہمہ گیر فروغ ہمارے لیے بہت اہم ہے اور ہمیں امید ہے کہ مختلف شعبوں میں آپسی سمجھوتوں کا جلد از جلد نفاذ عمل میں آئے گا۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں آذربائيجان کے صدر الہام علی اوف نے بھی ایران کی حکومت اور قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے، دونوں ملکوں کے تعلقات کو مثبت بتایا اور کہا کہ رشت - آستارا ریلوے لائن کا پروجیکٹ، آذربائیجان کے لیے بہت اہم ہے اور وہ اس پروجیکٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرے گا۔

ٹیگس