Aug ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کے لئے مفاہمت کا فقدان ہے: سلامتی کونسل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی چیئرمین نے ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کے لئے امریکی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سلامتی کونسل میں انڈونیشیا کے نمائندے اور کونسل کے موجودہ چیئرمین دیان تریاسیا دجانی نے ایران کے خلاف ان پابندیوں کی بحالی کے لئے جو دو ہزار پندرہ میں ہونے والے جامع ایٹمی معاہدے کے مطابق ختم ہوگئی ہیں امریکی درخواست کو مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے ایک رکن کی حیثیت سے مختلف مسائل میں امریکہ کا اپنا الگ نظریہ ہے لیکن سلامتی کونسل کے بیشتر رکن ممالک، اس کےنظریے کے خلاف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کے بارے میں اراکین کے درمیان ہرگز کوئی اتفاق نہیں پایا جاتا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع سے متعلق امریکی کوششیں ناکام ہو جانے کے بعد ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر واشنگٹن نے تہران کے خلاف اسنیپ بیک مکنزم کو فعال کرنے کی کوشش کی ہے، جبکہ ٹرمپ حکومت کے اس اقدام کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے کھلی مخالفت کی ہے۔

سلامتی کونسل میں انڈونیشیا کے مستقل نمائندے اور کونسل کے موجودہ چیئر میں دیان تریاسیا دجانی نے روس اور چین کے نمائندوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کی بحالی پر اتفاق نہیں پایا جاتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل واشنگٹن کی درخواست پر کسی اقدام کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان جاؤ لی جیان نے بھی بیجنگ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت میں توسیع کے لئے امریکی درخواست اور اسی طرح اسنیپ بیک مکنزم کو فعال کرنے کے اس کے مطالبے سے سلامتی کونسل متفق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اب اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کر سکتی ۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حال ہی میں ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع کے لئے جو آئندہ اکتوبر میں ختم ہونے والی ہیں، امریکی قرارداد کو مسترد کر دیا ہے ۔ اس رو سے ایران کے خلاف یہ پابندیاں بین الاقوامی ایٹمی معاہدے اور سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی بنیاد پر اکتوبر دو ہزار بیس میں ختم ہو جائیں گی۔

ٹیگس