ٹرمپ سے پیسے کے عوض ہر چیز خریدی جا سکتی ہے: نائب وزیر خارجہ
ایران کے نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی دہشتگرد ہو اور وہ ٹرمپ کو کچھ رقم ادا کر دے تو پھر وہ دہشتگرد نہیں رہ جاتا۔
مغربی ایشیا کے امور میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سید رسول موسوی نے ایک ٹوئٹ میں امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو کے دورہ سوڈان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں ہر چیز خریدی اور بیچی جا سکتی ہے۔
امریکہ نے سوڈان کو پیشکش کی ہے کہ سوڈان کا نام دہشتگردی کے حامی ممالک کی فہرست سے نکالنے کے عوض القاعدہ کے حملوں میں ہلاک ہونے والے امریکیوں کو تین سو تیس ملین ڈالر ہرجانہ ادا کیا جائے۔
دہشتگردی کے حامی ملکوں کی فہرست سے سوڈان کا نام نکالنے کے عوض رقم کی ادائگی کے سلسلے میں امریکی صدر کی حالیہ پیشکش پر خرطوم کے عوام میں شدید ناراضگی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو نے منگل کو سوڈان کے دورے کے موقع پر اس ملک کی نئی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔