ایران کے خلاف وائٹ ہاؤس کی سازشیں شکست سے دوچار ہو چکی ہیں، صدر ایران
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران کی حکومت اور قوم کو جھکنے پر مجبور کرنے کے لئے وائٹ ہاؤس کی ساری سازشیں جو کہ ایک بڑی اسٹریٹیجک غلطی تھی، شکست سے دوچار ہو چکی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کے روز پانی و بجلی کے شعبوں میں تین اہم منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سخت ترین پابندیوں کے دور میں ان منصوبوں کے افتتاح سے ایرانی حکام اور عوام کی استقامت اور کوششوں کی نشاندہی ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم امریکہ کے سامنے کبھی نہیں جھکے گی اور دشمنوں کے سازشی منصوبے بھی ایران کو ترقی سے نہیں روک سکے ہیں۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں موجود چودہ رکن ملکوں میں سے تیرہ رکن ملکوں کی جانب سے اسنیپ بیک مکنیزم کو مسترد کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکہ کی سیاسی تاریخ میں بدترین شکست ہے جو ایرانی قوم کی استقامت کے نتیجے میں امریکہ کو ملی ہے۔
انھوں نے ایران میں کورونا کے پھیلاؤ کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ امریکہ کی ایران مخالف پابندیوں کے نتیجے میں پڑنے والے دباؤ کے باوجود ایرانی عوام نے کورونا وائرس کے مقابلے میں صحت سے متعلق طبی اصولوں پر عمل کر کے اس خطرناک وائرس کا بھی بخوبی مقابلہ کیا۔