ایران اور روس مل کر کورونا ویکسین تیار کریں گے
ماسکو میں ایران کے سفیر اور روس کے سرمایہ کاری فنڈ کے ڈائریکٹر نے ایران اور روس کے مابین کورونا ویکسین اور کورونا ادویات کی مشترکہ تولید پر عمل در آمد کے منصوبے پر زور دیا ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے روس کے سرمایہ کاری فنڈ کے ڈائریکٹر کیریل دیمیتریف Kirill Dmitriev سے آن لائن گفتگو کی جس میں انہوں نے کورونا ویکسین بنانے پر روس کو مبارکباد پیش کی۔
ایران کے سفیر نے روس کے مالی مرکز گامالیا Gamaleya اور ایران کے پاستور انسٹیٹیوٹ کے دو مشترکہ اجلاس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جلد ہی روس کے سرمایہ کاری فنڈ کے تعاون سے مشترکہ ویکسین بنانے کا کام شروع ہو جائے گا۔
روس کے سرمایہ کاری فنڈ کے ڈائریکٹر کیریل دیمیتریف نے بھی تہران اور ماسکو کے مابین کورونا ویکسین کے بنانے کیلئے گہرے تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی شراکت اور تعاون سے زیادہ سے زیادہ ویکسین کی پیداوار ممکن ہو جائے گی۔
دنیا بھر میں کورونا کے 2 کروڑ 63 لاکھ مریضوں میں سے ایک کروڑ 85 لاکھ سے زیادہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔