توہین آمیز خاکوں کی مذمت جاری
عالمی اسلامی بیداری اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے فرانسیسی جریدے کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کے دوبارہ اشاعت کو بدی کی مثلث کی شیطانی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چارلی ایبدو میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت عالم اسلام کے خلاف امریکہ، عالمی صیہونیزم اور مغربی محاذ پر مشتمل بدی کی مثلث کی سازشوں کا حصہ ہے۔
بیان میں توہین آمیز خاکوں کی مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے، اسلام مخالف قوتوں کی شیطانی سازشوں کو ناکام بنا دے۔
ایران آئمہ جمعہ کی پالیسی ساز کمیٹی نے بھی ایک بیان جاری کرکے فرانسیسی جریدے چارلی ایبدو میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی سامراجی طاقتیں دنیا بھر کے حریت پسندوں اور مکتب توحید کے پیروکاروں کے ہاتھوں اپنی ذلت آمیز شکست کا بدلہ لینے کے لیے اس قسم کی گھناؤنی حرکتیں وقفے وقفے سے انجام دے رہی ہیں۔
بیان میں دنیا بھر کے حریت پسندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سامراجی محاذ کی اس حرکت پر خاموش نہ رہیں اور اس کی کھل کر مذمت کریں۔
قابل ذکر ہے کہ فرانسیسی جریدے چارلی ایبدو نے گزشتہ منگل کو ایک بار پھر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں توہین آمیز خاکے شائع کیے ہیں جس پر پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔