Sep ۰۹, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں اب ختم ہو جانی چاہئیں: ایرانی وزیر صحت

ایرانی وزیر صحت نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر سے امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کے خاتمے کی اپیل کی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صحت سعید نمکی نے عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس آدھا نوم (Tedros Adhanom)  کو بھیجے جانے والے ایک خط کہا ہے کہ اب کورونا سے متاثرہ افراد کی صحت کو خطرے میں ڈالنے والی یکطرفہ امریکی پابندیاں کو ختم کر دینے کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے اس خط میں ان سے اپیل کی کہ ایران اور دیگر ممالک کے عوام کے مسائل و مشکلات، انکی موت اور حتیٰ عالمی صحت کے لئے خطرات کا سبب  بننے والی ناجائز اور یکطرفہ امریکی پابندیوں کے خاتمے کیلئے ضروری اقدامات عمل میں لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے  کورونا وائرس کے خلاف جنگ کیلئے عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کورونا سے متعلق ایران کی تازہ ترین صورتحال کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے 7 ماہ کے دوران پورے ملک میں اسکریننگ کے تین مرحلے نافذ کیے ہیں جسکا آخری مرحلہ دو ہفتے قبل آغاز ہوا ہے اور اس میں 28 ملین افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے۔

ایران کی وزارت صحت کے مطابق ایران میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد تین لاکھ اکیانوے ہزار ایک سو بارہ تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ایک سو بتیس مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد بائیس ہزار پانچ سو بیالیس ہو گئی ہے۔اسی کے ساتھ تین لاکھ سینتیس ہزار چار سو چودہ مریض کورونا کو شکست دینے میں کامیاب رہے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔

ٹیگس