جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی رونمائی
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے ہفتہ دفاع مقدس کی مناسبت سے ایرانی ساخت کے جدید ترین دفاعی ساز و سامان کی رونمائی کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے اتوار کو کاراکال انٹیلیجنٹ روبوٹ، ’گہر‘ فور ویل ڈرائیو فوجی گاڑی، ’چابک فاسٹ فریکوینسی ہاپنگ سسٹم‘ ، ’یو اے وی ڈرون انجن‘، ’مسیح امدادی روبوٹ‘، اپ گریڈڈ فوجی گاڑی اور ’ہدف ٹو‘ میزائل لانچر جیسے جدید اور پیشرفتہ دفاعی ساز و سامان کی رونمائی کی۔
مذکورہ دفاعی وسائل کی تقریب رونمائی کے موقع پر ایران کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل کیومرث حیدری اور ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئرجنرل یوسف قربانی بھی موجود تھے۔ کاراکال اسمارٹ روبوٹ زمینی و بری جنگوں کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کی تیاری میں جدیدترین ٹیکنالوجی سے کام لیا گیا ہے۔
اس روبوٹ کے اندر تیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے، پانچ سو میٹر سے زیادہ دوری تک کارروائی انجام دینے، ہلکے اور نیم بھاری ہتھیاروں کو منتقل کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اس میں اسمارٹ ریموٹ کنٹرول سسٹم نیز لیزر رینج فائنڈر اور آپٹیکل ڈیٹکٹنگ سسٹم نصب ہے۔
رپورٹ کے مطابق فور ویل ڈرائیو ’گہر‘ فوجی گاڑی میں بھی صعب العبور راستوں پر پانچ سو کلوگرام وزن لیکر چلنے، فی گھنٹہ ایک سو بیس کلومیٹر کی رفتار سے سات سو کلومیٹر کی مسافت طے کرنے اور ستر فیصد طولی ڈھلان اور پینتیس فیصد عرضی ڈھلان سے عبور کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
گہر فوجی گاڑی میں اسّی سینٹی میٹر گہرے پانی سے عبور کرنے اور مختلف قسم کے ہلکے اور نیم بھاری اسلحے اور جنگی ساز و ساز سامان لے جانے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔
چابک فاسٹ فریکوینسی ہاپنگ سسٹم بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا تیار کیا ہوا ہے۔
اس سسٹم میں دو لاکھ فی سیکنڈ کی رفتار سے ہاپنگ اور مناسب انفارمییشن بینڈ ویتھ کے ساتھ فضائی سسٹم اور زمینی اسٹیشن سے زمینی سسٹم کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سسٹم کو محفوظ ریسیونگ اور سینڈنگ سسٹم اور زمینی اور فضائی سسٹموں پر نصب کیا جا سکتا ہے۔
چابک فاسٹ فریکوینسی ہاپنگ سسٹم درحقیقت ایک نہایت مضبوط و محفوظ مواصلاتی لنک ہے جس کے ذریعے بدترین مواصلاتی صورت حال میں بھی متعدد فریکوینسیوں کو تیزی کے ساتھ تبدیل کرکے دشمن سے اسے جام کرنے کی طاقت چھینی جا سکتی ہے اور اسے پہلی بار ایران میں بنایا گیا ہے۔
چالیس سے چار سو سی سی کے یو اے وی پسٹن ڈرون انجن پہلی بار ایران میں ڈیزائن اور تیار کئے گئے ہیں اور اس میں ہر منٹ میں چار ہزار torque کے ساتھ چار سے لے کر چالیس ہارس پاور کی طاقت ہے اور اسے مختلف قسم کے ڈرون طیاروں میں نصب کیا جا سکتا ہے ۔
ایران کے اندر مقامی انجینئروں کے ہاتھوں تیار کئے جانے والے چـالیس سی سی کے اس انجن میں تیس کلو وزن کے ایک ڈرون طیارے کو بارہ ہزار فٹ کی اونچائی تک اڑانے کی صلاحیت ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا تیار کردہ ایک اور دفاعی سامان مسیح امدادی روبوٹ ہے جو نرس کنٹرول اسٹیشن سے لیس ہے اور اس میں مریض کے جسم کے اندر زندگی کی علامتوں کو کا پتہ لگانے اور اسے کنٹرول کرنے اور اسی طرح مریض اور میڈیکل عملے کے درمیان آڈیو ویڈیو رابطہ برقرار کرنے ، دوا اور خوراک پہنچانے اور مریض کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
آج ایرانی ساخت کی اپ گریڈڈ ہیوی گاڑی کی بھی رونمائی ہوئی۔ اس گاڑی کے انجن کا پاور بڑھایا گیا ہے اور اب اس میں چار سو ہارس پاور کی طاقت موجود ہے اور یہ ہایڈروفین ریڈی واٹر کولر سسٹم کی حامل ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے تیار کردہ ہدف ٹو میزائل لانچر میں ایک ساتھ دو میزائل فائر کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے اور اسے آٹومیٹک بیلنس کے ساتھ تیزی سے نصب کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ یہ لانچر نشانہ بنانے کے جدید ترین سسٹم سے لیس ہے اور مختلف اڈوں پر سرعت کے ساتھ اُسے منتقل اور جا بہ جا کرنے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے۔