Oct ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۳:۱۱ Asia/Tehran
  • قرہ باغ میں کشیدگي کے بارے میں ظریف اور لاوروف کے مذاکرات

ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے منگل کی شام قرہ باغ کے پہاڑی علاقے میں جاری کشیدگي کے بارے میں ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ سرگئي لاوروف اور ان کے ایرانی ہم منصب نے اپنی ٹیلی فونی گفتگو میں قرہ باغ کی جھڑپوں میں لیبیائي اور شامی جنگجوؤں کو شامل کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں، ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح قرہ باغ میں بے تحاشا کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش ظاہر کی۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ اس سے قبل جمعے کو بھی قرہ باغ کے بحران کے بارے میں ٹیلی فون پر گفتگو کر چکے ہیں۔

روس کے وزیر خارجہ سرگئي لاوروف نے گزشتہ روز بھی قرہ باغ کے بحران کے بارے میں باکو اور ایروان کے درمیان کشیدگي کم کرانے کے لیے ایران اور ترکی کے ساتھ تبادلۂ خیال جاری رکھنے کی خبر دی تھی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی پیر کے روز اپنی پریس بریفنگ میں قرہ باغ میں متحارب فریقوں سے جلد از جلد جنگ ختم کرنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ اس سلسلے میں ایران ہر طرح کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

ٹیگس