امریکہ کا زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کا اقدام حکومتی دہشتگردی کا مصداق ہے : ایران
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکہ کی طرف سے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے اقدامات حکومتی دہشتگردی کا کھلا مصداق ہے۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے ایران پر امریکہ کے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کے اقدامات کو حکومتی دہشتگردی کا مصداق قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کا مقصد عوام اور شہریوں کو تکلیف و اذیت پہنچانا اور تخریبی پالیسیوں کے ذریعے حکومت تبدیل کرنے کے لئے سماجی سطح پر بدامنی و بے چینی پیدا کرنا ہے۔
ایرانی مندوب مجید تخت روانچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھٹی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہرطرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے چاہے وہ حکومتی دہشتگردی ہو یا اقتصادی اور طبی ہو۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ دہشتگردی کو ایک بار ہمیشہ کے لئے جڑ سے ختم کرنے کے لئے طاقت کے استعمال، عالمی سطح پر باہمی کوششوں اور قومی علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر متعلقہ فریقوں کے درمیان یکجہتی اورتعاون کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق سے متعلق اصولوں کے مطابق انجام پانا چاہئے۔
مجیت تخت روانچی نے کہا کہ قوموں کی ٹارگٹ کلنگ عالمی برادری کے لئے ایک بڑا مسئلہ رہی ہے کیونکہ اس کے سبب بہت سے بےگناہ لوگوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے اور ملکوں کے امن و استحکام کو بھی تباہ کن نتائج بھگتنے پڑتے ہیں ۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ کورونا نے بہت سے ملکوں کے عوام کو حفظان صحت سے متعلق مسائل سے دوچار کردیا ہے کہا کہ امریکی قوانین کو اس ملک کی سرحدوں سے باہر مسلط کرنے کا ہمارے ملک ایران اور دیگر ممالک کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے اور یہ دہشتگردی کی تعریف کے مطابق دہشتگردی کے مساوی ہے جس نے اس وبا کے دور میں صحت و سلامتی کو سخت مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
مجید تخت روانچی نے اقتصادی دہشتگری کے ساتھ ہی امریکہ کے ہاتھوں سردار محاذ استقامت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے فاتح اور مرد میداں جنرل قاسم سلیمانی کو وحشیانہ اور بزدلانہ طریقے سے قتل کئے جانے کو حکومتی و ریاستی دہشتگردی کا مظہر قراردیا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ امریکہ نہ صرف علاقے میں بلکہ تقریبا پوری دنیا میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے۔
دوسری جانب ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایرانی بینکوں پر سخت امریکی پابندیاں امریکہ کی داخلی سیاست اور تشہیراتی مہم میں فائدہ اٹھانے کے لئےعائد کی گئی ہیں ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے کہا کہ ایران کے مزید آٹھ مالی اداروں کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کو اقتصادی نقصان پہنچانے سے زیادہ امریکہ کی داخلی سیاست اور تشہیراتی مہم کے لئے نافذ کیا گیا ہے اور یہ اس ملک کے سربراہوں کے انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے دعووں کے جھوٹ اور فریب کو ظاہر کرتا ہے ۔ اور یقینا اس طرح کے اقدامات کو ملت ایران کبھی فراموش نہیں کرے گی۔