Oct ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران اور چین کے اسٹریٹیجک تعاون کے جامع پروگرام کے بارے میں ظریف اور وانگ یی کی گفتگو

ایران اور چین کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک تعاون کے جامع پروگرام کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جو اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کی دعوت پر چین کے دورے پر ہیں، سنیچر کو ٹویٹ کیا کہ انھوں نے وانگ یی سے ٹینگ چونگ شہر میں ہوئي ملاقات میں دونوں ملکوں کے اسٹریٹیجک تعاون کے جامع پروگرام کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس ملاقات میں امریکا کی یکطرفہ پالیسیوں اور اس کی جانب سے یک قطبی دنیا بنائے جانے کی کوششوں کی مخالفت کی گئي۔ ظریف کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور وہ ایران اور چین کے پچیس سالہ اسٹریٹیجک پروگرام سمیت دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے، علاقائي تعاون، ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے اور مشترکہ ویکسین بنانے پر متفق ہوئے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے چینی زبان میں کیے گئے ایک دوسرے ٹویٹ میں سن دو ہزار اکیس میں ایران اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے ایک نیا موقع قرار دیا اور کہا کہ ایران اور چین کے درمیان جامع اور اسٹریٹیجک تعاون کا مفہوم، مستقبل میں مزید عیاں ہوگا۔

ٹیگس