امریکی مفادات کے نگہباں سوئیس سفیر کی تہران میں طلبی
امریکہ کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کے الزامات کے بعد ایران نے تہران میں امریکی مفادات کے نگراں سوئیزر لینڈ کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرلیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے بتایا ہے کہ جمعرات کو امریکی مفادات کی نگرانی کرنے والے سوئیزرلینڈ کے سفیر کو دفتر خارجہ میں طلب کر کے واشنگٹن کے من گھڑت، غیر پیشہ وارانہ اور جعل سازی پر مبنی الزامات کو مسترد کیا گیا۔
انہوں نے کہا سوئیزرلینڈ کے سفیر پر واضح کر دیا گیا کہ تہران کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ دونوں امریکی صدارتی امید واروں سے کون وائٹ ہاؤس میں جاتا ہے۔
سعید خطیب زادے نے مزید کہا کہ حکومت امریکہ اور اس کے سیکورٹی و انٹیلی جینس ادارے جو اب تک دنیا کے دیگر ملکوں میں مداخلت اور اشوب برپا کرنے نیز انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے آئے ہیں، آج اپنے ان ہی خیالات کے اسیر بن گئے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ میں صدارتی انتخابات سے پہلے اس قسم کے من گھڑت دعووں کا مقصد رائے عامہ کے ذہنوں کو منحرف اور اپنے پہلے طے شدہ غیر جمہوری ڈرامے کو آگے بڑھانا ہے۔
سعید خطیب زادے نے امریکہ کو نصیحت کی کہ وہ اس قسم کے من گھڑت پروپیگنڈے، بے بنیاد دعوے اور مشکوک ڈرامہ بازی سے باز آجائے اور عالمی تعلقات اور دیگر ملکوں کے ساتھ روابط کے حوالے سے ایک عام ملک بن کر عمل کرے۔