ایران میں فدائیان حریم ولایت فوجی مشقوں کا آغاز
مرکزی ایران کے صوبے اصفہان میں یا صادق آل محمد کے مقدس عنوان سے فدائیان حریم ولایت نامی فضائیہ کی نویں مشقوں کا آغاز ہو گیا۔
یا صادق آل محمد کے مقدس عنوان سے فدائیان حریم ولایت نامی فضائیہ کی نویں مشقوں کے ترجمان بریگیڈئر فرہاد گودرزی نے پیر کے روز ان فوجی مشقوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سات فضائی مراکز کی شرکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان دو روزہ فوجی مشقوں میں جنگی، بمبار، ٹرانسپورٹ، ایندھن رسانی، ڈرون، گشتی اور مختلف قسم کے دیگر طیاروں پر مشتمل جدید ترین طیاروں کی شمولیت کے بعد نئی ٹیکٹک سے فرضی دشمن کا مقابلہ کئے جانے کے طریقوں پر عمل کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ ان فوجی مشقوں میں بھاری بمبار طیاروں منجملہ سوخو چوبیس، ایف چار، ایف پانچ، ایف سات، مگ انتیس، ایف چودہ، صاعقہ اور ایندھن رسانی کے طیاروں بوئینگ سات سو سات اور سات سو سینتالیس اور اسی طرح گائیڈڈ میزائلوں سے لیس ڈرون طیاروں اور اسمارٹ بموں کو بروئے کار لایا جائے گا۔
یا صادق آل محمد کے مقدس عنوان سے فدائیان حریم ولایت نامی نویں مشقوں کے ترجمان بریگیڈئر فرہاد گودرزی کے بقول اسمارٹ اور ٹارگٹڈ وسائل سے استفادے کے ساتھ بمباری، فضائی مشقیں، ہوائی اہداف کی تباہی، مختلف طرح کی ٹیکٹک کے ساتھ بمباری، فضا میں شناخت اور الیکٹرانک لیسننگ ،اہداف کو نشانہ بنانے کے ساتھ ڈرون طیاروں کا استعمال، شناسائی اور فوٹو گرافی کے لئے تجربہ کار ماہر افراد کے ساتھ ساتھ جوانوں کا استعمال ان فوجی مشقوں کے مقاصد میں شامل ہے۔
فدائیان حریم ولایت مشقوں کے ترجمان بریگیڈئر فرہاد گودرزی نے تاکید کی کہ ان فوجی مشقوں کا مقصد علاقے کے ملکوں کو امن و استحکام، دوستی اور پائیدار امن کی برقراری کا پیغام دینا اور ایرانی عوام میں جذبہ و حوصلہ نیز اعتماد و بھروسہ بڑھانا اور دفاعی آمادگی کا اعلان اور اسی طرح دشمنوں کی جانب سے غلطی کے ارتکاب کی صورت میں دندان شکن جواب دینا ہے۔
اس درمیان مشقوں کے پہلے دن ایرانی فضائیہ کے ایف پانچ اور صاعقہ بمبار طیاروں نے فرضی دشمن کے اہم اور حساس ٹھکانوں پر ملک میں تیار کردہ راکٹوں سے حملہ کیا۔