فدائیان حریم ولایت فوجی مشقوں کا دوسرا دن، فانٹوم جنگی طیاروں سے زمینی اہداف کو نشانہ بنایا گیا
فدائیان حریم ولایت نامی نویں فوجی مشقوں کے دوسرے دن ایف فور بمبار طیاروں نے فضا سے زمین پر مار کرنے والے ماوریک میزائلوں اور قاصد گائیڈڈ بموں سے دشمن کے فرضی اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایرانی فضائیہ کی فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل فرہاد گودرزی نے کہا کہ ایف فور بمبار طیاروں نے جدیدترین اور اپ گریڈڈ " ماوریک " میزائلوں اور گائیڈڈ قاصد بموں کو استعمال کرکے خیالی دشمن کے زمینی اہداف کونشانہ بنا کرانھیں تباہ کر دیا ۔
قابل ذکر ہے کہ جدید ترین ماوریک میزائل اور گائیڈڈ قاصد بم ایرانی فضائیہ کے سائنسدانوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل گودرزی نے کہا کہ وار ہیڈز سے لیس آرش ڈرون طیاروں نے پہلی بار سو کلومیٹر کی دوری طے کر کے دشمن کے اڈوں کے خلاف خود کش کارروائیاں انجام دیں اور انھیں پوری طرح تباہ کردیا۔
فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا کہ فانٹوم بمبار طیاروں نے بھی خیالی دشمن کی غفلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کافی اونچائی سے زمین پر دشمن کے اڈوں پر بمباری کی جبکہ ایف فور طیاروں نے دشمن کو پہچاننے اور اہداف کو نشانہ بنانے کے لئے میدان جنگ میں فیلر کا استعمال کرتے ہوئے بمباری کی ۔
قابل ذکر ہے کہ فدائیان حریم ولایت نامی نویں فوجی مشقیں پیر سے یا صادق آل محمد (ع) کے نعرے سے ایران کے شہر اصفہان میں شروع ہوئی ہیں ۔