وینیزوئیلا کی نائب صدر سے ظریف کی ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے جمعرات کے روز کاراکاس میں وینیزوئیلا کی نائب صدر سے ملاقات اور گفتگو کی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے وینیزوئیلا کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کی شام کو اس ملک کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز سے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اسی طرح جمعرات کو وینیزوئیلا کے وزیر خارجہ خورخہ آریزا سے بھی ملاقات اور گفتگو کی تھی۔
وزیر خارجہ ظریف نے، جو وینیزوئیلا کے حکام سے ملاقات اور گفتگو کے لیے کاراکاس کے دورے پر ہیں، اس ملک کے وزیر خارجہ کے ساتھ سیموئیل رابنسن انسٹی ٹیوٹ میں "ایک نئي تشکیل پا رہی دنیا کے دفاع میں وینیزوئیلا اور ایران" کے عنوان سے ایک مشترکہ نشست میں حصہ لیا اور اس سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔