امریکہ افغانستان کے قانونی اداروں کی تباہی کے درپے ہے: ایران
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں خفیہ طور پر اس ملک کے قانونی اداروں کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان سے اس انداز میں فوجی انخلا کی کوشش کر رہا ہے کہ یہ جنگ زدہ ملک، مسلسل خونریزی سے دوچار رہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ افغانستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے تمام بین الاقوامی قوانین پر عمل کرنا چاہئے اور اس طرح سے اس ملک سے اُسے باہر نکلنا چاہئے کہ افغانستان کو اس سے زیادہ بدتر حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وہائٹ ہاؤس کے موجودہ حکمراں افغانستان کا مستقل تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس ملک کو امن و استحکام کی ضرورت ہے۔
سعید خطیب زادہ نے تمام افغان گروہوں سے اپیل کی کہ وہ باہمی مفاہمت اور مذاکرات کے ذریعے اپنے ملک کا مستقبل سنوارنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے پڑوسی ملک افغانستان میں امن و استحکام کے قیام اور افغان فریقوں کے قومی مذاکرات کو کامیاب بنانے کی اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔