Nov ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • دشمن کو سبق سکھانے کے لئے سخت جواب دینا ضروری ہے: اسپیکر قالیباف

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایٹمی سائنسداں شہید محسن فخری زادہ کی شہادت، ملک کی پیشرفت کا نیا دریچہ کھول دے گی اور پست و حقیر دہشتگردوں اور ان کے حامیوں کی پشیمانی کا باعث بنےگی۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد قالیباف نے پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمنوں نے ایک بار پھر ایک غیر انسانی ترین روش دہشتگردی کا ارتکاب کر کے ثابت کردیا کہ وہ ایران کی بڑھتی ہوئی طاقت سے خوف زدہ اور ہراساں ہیں اور انہوں نے ملت ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے سائنسدانوں کو راستے سے ہٹانے کا طریقہ اختیار کر رکھا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے مزید کہا کہ شہید فخری زادہ کے قاتلوں اور اس کا حکم دینے والوں سے انتقام لینا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر قالیباف نے کہا کہ ایران کے عوام گذشتہ چالیس برسوں سے اس طرح کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں اور جرائم پیشہ دشمن اس وقت تک پشیمان نہیں ہوگا جب تک اسے  ایسا منھ توڑ جواب نہ دیا جائے جو اسے آئندہ اس طرح کی ممکنہ غلطی کا ارتکاب کرنے سے روک دے۔

دوسری جانب ایران کی وزارت انصاف کے انسانی حقوق اور بین الاقوامی امور سے متعلق شعبے کے سربراہ محمود عباسی نے  شہید محسن فخری زادہ کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

محمود عباسی نے اتوار کو زور دے کر کہا کہ دہشتگردی کا ارتکاب چاہے وہ کسی بھی شخص یا حکومت کی جانب سے کیا جائے، ایک بین الاقوامی جرم ہے اور اس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت دیگر عالمی اداروں کے ذریعے تحقیقات کرائی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک خط لکھ کر اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ایران کی وزارت انصاف کے عہدے دار نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے تحقیقاتی شعبے کے سربراہ شہید محسن فخری زادہ کا قتل ایران کے خلاف جارحیت شمار ہوتا ہے اور ایران جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جمعے کو دہشتگردوں نے ایران کی مسلح افواج کی تحقیقاتی شعبے کے سربراہ اور ملک کے ایٹمی سائنسداں محسن فخری زادہ  کو ایک دہشتگردانہ کارروائی میں شہید کردیا تھا۔

ٹیگس