عالمی برادری، اسرائیل سے مقابلے کے لیے اٹھ کھڑی ہو: صدر روحانی
صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نام ایک پیغام میں عالمی برادری سے بچوں کی قاتل صیہونی حکومت سے مقابلے کے لیے اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی ہے۔
فلسطینی عوام سے یکجہتی کے عالمی دن کی مناسبت سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے رکن ملکوں کے نمائندوں کی شرکت سے منگل کے روز ایک پروگرام منعقد ہوا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ انتیس نومبر کی تاریخ، غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینی سرزمین پر سات عشرے سے زیادہ غاصبانہ قبضے، فلسطینی عوام کے ختم نہ ہونے والے مصائب و آلام اور ان کے ساتھ کیے جانے والے ظلم و ناانصافی کی یاد دلاتی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ روز بروز صیہونی حکومت کی جارحانہ اور نسل پرستانہ پالیسیوں نیز جرائم میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے غاصبانہ اور جارحانہ اقدامات سے نہ صرف یہ کہ مقبوضہ علاقوں کے حالات بدتر ہوں گے بلکہ ان سے علاقائی اور عالمی سطح پر سیکورٹی کے بہت زیادہ منفی نتائج بھی برآمد ہوں گے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطینی عوام اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور قبضہ کرنے کی پالیسی کے خلاف ان کی قانونی استقامت کی ہمہ گير حمایت جاری رکھنے پر زور دیتا ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ بچوں کی قاتل، انسانی حقوق کو پامال کرنے والی اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والی صیہونی حکومت کے اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑی ہو۔