چار دسمبر کو ایران میں کورونا کی صورتحال
چار دسمبر کو ایران میں تیرہ ہزار سے زائد کورونا کے نئے معاملات سامنے آئے جبکہ تین سو سینتالیس مزید کورونا مریضوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے تیرہ ہزار تین سو اکتالیس افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک ہزار نو سو چھیانوے کورونا مریضوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور باقی کو ضروری دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا سے تین سو سینتالیس افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مجموعی طور پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد انچاس ہزار چھے سو پچانوے ہو گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں کورونا کے دس لاکھ سولہ ہزار آٹھ سو پینتیس مریضوں میں سے سات لاکھ آٹھ ہزار ایک سو چھے افراد کورونا کو شکست دے چکے ہیں اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا مریضوں کی تعداد چھے کروڑ پچاس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے پندرہ لاکھ تیرہ ہزارمریضوں کی اموات واقع ہو چکی ہیں اور چار کروڑ پچاس لاکھ سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔