امام خمینی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر ٹیکسی کی سہولت
پابندیوں کے دور ميں ایران ایک اور ترقیاتی منصوبہ " ایئرٹیکسی " کا اجراء کرنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
ایئرلائنز کی انجمن کے سیکریٹری مقصود اسعدی سامانی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ایئرپورٹس پر ایئرٹیکسی کی آمد و رفت کے لئے راہ ہموار ہوگئی ہے۔
مقصود اسعدی سامانی نے ایئرٹیکسی کی آمد و رفت کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ اس فیلڈ میں نجی شعبے کو سرمایہ کاری کرنے کے مواقع میسر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں چالیس سے زيادہ ایئرپورٹ موجود ہیں تاہم ان سے فی الوقت صرف 10 فیصد فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔ اسعدی سامانی کا کہنا تھا کہ ان ایئرپورٹس پر ایئرٹیکسی سے استفادے کا امکان موجود ہے اور ایک مناسب منصوبہ بندی کرکے ملک میں ایوی ایشن کی اس گنجائش کو ایجاد کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایئرٹیکسی سروس کو فروغ دیئے جانے کے مقصد سے پہلے مرحلے میں 9 سیٹوں والے چیلنجر 604 اور 50 سیٹوں والے امبرائر طیارے خریدے جا چکے ہيں۔
بتایا جاتا ہے کہ امام خمینی انٹر نیشنل ائرپورٹ پر ایئرٹیکسی سروس شروع کئے جانے کے مقصد سے ضروری آلات نصب کئے جانے کا کام جاری ہے اور جلد ہی ایران کے مختلف علاقوں کے لئے ایئرٹیکسی سروس کا آغاز کر دیا جائے گا۔