Dec ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۳:۲۹ Asia/Tehran
  • مفت پانی، بجلی اور گيس، حکومت کے قابل فخر کارناموں میں سے ہے: صدر روحانی

صدر مملکت نے کہا ہے کہ اگلے مہینے کی ابتدا سے تیس فیصد صارفین کے لیے گیس اور پانی مفت ہوگا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کی نشست میں اگلے (ہجری شمسی) سال کا بجٹ بل، مقررہ وقت سے پہلے پارلیمنٹ میں بھیجے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا بجٹ بڑا اہم ہے اور حکومت نے پچھلے سات برسوں میں جو بجٹ پیش کیے ہیں، ان سے کسی حد تک الگ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگلے  سال کے بجٹ کا ایک پیغام، ملک کے کمزور طبقوں اور کم آمدنی والے افراد کی امداد پر مبنی ہے اور اس بجٹ میں پسماندہ طبقوں پر خصوصی توجہ دی گئي ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے آج پانی اور گیس کے سلسلے میں دو تجاویز پاس کی ہیں اور یہ تجاویز اس تجویز جیسی ہی ہیں جو ہم نے بجلی کے سلسلے میں منظور کی تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس تجویز میں ہم نے لوگوں کو بجلی کے استعمال میں کفایت شعاری کی دعوت دیتے ہوئے ان کے لیے انعام کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اگر ان کا بجلی کا استعمال اعلان کردہ یونٹس سے کم ہوا تو انھیں بجلی کا بل ادا نہیں کرنا ہوگا یعنی انھیں بجلی بالکل مفت مل گی۔ صدر روحانی نے بتایا کہ اس سال کے اواخر میں اور اگلے سال، ملک کے تیس فیصد عوام کو بجلی بالکل مفت ملے گي اور گیس کے لیے بھی ایسا ہی ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اگلے مہینے کے گیس کا بل، جو اگلے سال کے اوائل میں بھرنا ہوگا، تیس فیصد لوگوں کے لیے مفت ہوگا۔

ایران کے صدر نے کہا کہ پانی کے سلسلے میں بھی یہی منصوبہ ہے اور بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے پانی کی سپلائي مفت ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ یہ حکومت کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ کم آمدنی والے طب‍قوں کے لیے اس نے پانی، گیس اور بجلی مفت کر دی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام اطمینان رکھیں کہ ہم ترقی و پیشرفت میں خود کفیل ہو چکے ہیں۔

ٹیگس