ایرانی ویکسین کا ڈبلیو ایچ او کی جانب سے خیرمقدم
عالمی ادارہ صحت نے ایرانی سائنسدانوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین کا خیرمقدم کیا ہے اور تاکید کی ہے کہ عالمی ادارہ صحت کو ایرانیوں کی اس بڑی کامیابی کے آزمائشی نتائج کا انتظار ہے۔
رپورٹ کے مطابق ترجمان عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ایرانی سائنسدانوں کی تیار کردہ کورونا ویکسین اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ ہم کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے ویکسین بنا سکتے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس عالمی وبا کا خاتمہ کرنے میں مدد کے طور پر ہمارے پاس تمام وسائل موجود ہیں۔ ایرانی محققین نے امریکی حکومت کی مکمل پابندیوں کے باوجود کورونا ویکسین تیار کر کے اس کی انسانی آزمائش شروع کر دی ہے۔
"کوو ایران برکت" نامی ایرانی کورونا ویکسین کا ٹیکہ منگل کے روز سے ان لوگوں کو لگانا شروع کیا گیا جنہوں نے اس تجربے کے لئے خود کو رضا کارانہ طور پر پیش کیا ہے۔ ملک میں تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کو رضا کارانہ طور پر لگوانے کے لئے ساٹھ ہزار سے زائد لوگوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔