یکم جنوری کو ایران میں کورونا کی صورتحال
ایران میں کورونا وبا سے ہونے والی اموات میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب تک نو لاکھ پچانوے ہزار سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان سیما سادات لاری نے جمعے کے روز اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا کے چھے ہزار دو سو چھیاسی نئے معاملات سامنے آئے جن میں سے آٹھ سو تین مریضوں کو اسپتالوں میں داخل اور باقی کو دوائیں اور ضروری طبی ہدایات دے کر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران میں کورونا مریضوں کی تعداد بارہ لاکھ اکتیس ہزار چار سو انتیس ہو گئی ہے۔ سیما سادات لاری نے افسوس کے ساتھ کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ایک سو چودہ مریض دم توڑ گئے اور اس طرح جاں بحق ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد پچپن ہزار تین سو سینتیس ہو گئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کی ترجمان نے کہا کہ ایران میں اب تک کورونا کے نو لاکھ، پچانوے ہزار، پانچ سو ستر مریض صحتیاب اور اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔