ایرانی قوم نے سامراج کو شکست دی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اتحاد و یکجہتی سے استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و استبداد کا مقابلہ کیا اور سامراج کو بری طرح سے شکست دے دی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے روز عشرہ فجر کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اپنے اتحاد سے استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامراجی طاقتوں کا بھرم توڑ کر رکھ دیا اور ایران سے شاہ، امریکہ اور سامراجیوں کو نکال باہر کر دیا۔انھوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کو تاریخ کا بے نظیر واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ہزاروں سال کے بعد ایرانی قوم نے بوسیدہ شاہی سلطنت کا تختہ الٹ کر ملک میں عوامی دینی حاکمیت قائم کی۔
قابل ذکر ہے کہ یکم فروری سن انیس سو اناسی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رح نے پندرہ برسوں کی وطن سے دوری اور جلا وطنی کی زندگی بسر کرنے کے بعد ایرانی عوام کے زبردست اور مثالی استقبال کے ساتھ ایران کی اپنی سرزمین پر قدم رکھا تھا۔