صدر مملکت اور کابینہ کے اراکین کا امام خمینی (رح) سے تجدید عہد
صدرمملکت اورکابینہ اراکین نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پرحاضری دی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی بیالیسویں سالگرہ کے موقع پر آج صبح اپنی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اورعظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان سے تجدید عہد کیا۔
ایرانی صدر اور ان کی کابینہ کے اراکین نے اس موقع پر سابق صدر ہاشمی رفسنجانی اور شہدائے انقلاب کے مزارپر حاضر ہوکر شہید محمد علی رجایی، محمد جواد باہنر، محمدحسین بہشتی، شہدائے 7 تیر، شہدای دفاع مقدس اور دیگر شہداء کی ارواح کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی.
واضح رہے کہ کل ایران کے اسلامی انقلاب کی قابل فخر کامیابی کی بیالیسویں سالگرہ کی دس روزہ تقریبات "عشرہ فجر" کے آغاز پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں آپ آیت اللہ بہشتی، شہید صدر محمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم جواد باہنر اور دیگر شہدائے انقلاب کی قبور پر تشریف لے گئے اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
بیالیس سال قبل 12 بھمن کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی(رح) پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد ایران واپس تشریف لائے تھے اور قوم نے آپ کا فقید المثال استقبال کیا تھا۔ امام خمینی(رح) کی وطن واپسی کے محض دس روز بعد ایران کا عظیم اسلامی انقلاب کامیابی سے ہمکنارہوا تھا اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایران میں ہرسال ان ایام میں "عشرہ فجر" کے نام سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہےکہ اسلامی انقلاب کی 42 ویں سالگرہ کے موقع پر تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں میں کل سے باقاعدہ طور پر خصوصی تقریبات شروع ہوئیں۔
کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال ایرانی عوام 22 بھمن کو عوامی ریلیوں کی جگہ پورے ملک میں موٹر سائیل اور کار ریلی نکالیں گے اور بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے تجدید عہد کریں گے.