ذوالجناح راکٹ نے ایران کی سائنسی توانائی کا لوہا منوا لیا: وزیر دفاع
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ذوالجناح سٹیلائٹ لانچر راکٹ ایران کے نوجوان دانشوروں کی سعی و کوشش کا واضح نمونہ ہے جس نے کمبائنڈ فیول کے ساتھ ایران کی سائنسی طاقت و توانائی کا لوہا منوایا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے برصغیر ہند کی اسلامی انجمنوں کی یونین کے سربراہ اور ہندوستان میں مقیم ایرانی طلبا سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے ایرانی علم و دانش میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان طلبا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے قابل فخر نوجوانوں نے یہ ثابت کر دیا کہ علم و دانش اور ٹیکنالوجی حاصل اور ترقی و پیشرفت کی چوٹیاں سر کر کے بھی انہوں نے اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے اور وہ مسلسل آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے حضرت ختمی مرتبت (ص) کی مبارک حدیث کا ذکر کیا جس میں آپ (ص) فرماتے ہیں کہ علم اگر ستارے پر بھی ہو تو سرزمینِ فارس کے لوگ اسے پا کر رہیں گے۔ انہوں نے مذکورہ حدیث کے تناظر میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کی زیر قیادت ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے نتیجے میں اپنے بل بوتے پر اور خود اعتمادی کے جوش و جذبے کے تحت اس نعرے کو ثابت کر دکھایا کہ ہم کر سکتے ہیں۔
ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں پر انحصار کر کے ملک کو آگے بڑھاتے رہیں اور آج خدا کا شکر ہے کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں اپنی مقامی قوت اور نوجوانوں کی خلاقیت کے نتیجے میں ترقی و پیشرفت کی منازل طے کر رہے ہیں۔
جنرل حاتمی نے بری، بحری اور فضائی نیز اینٹی ایرکرافٹ سمیت تمام دفاعی شعبوں، اور اسی طرح الیکٹرانک اور ذوالجناح سٹیلائٹ لانچر کو ایران کی حیران کن ترقی و پیشرفت کا نمایاں مصداق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام حاصلہ ترقی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے نوجوان دانشوروں کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے جس میں کمبائنڈ فیول کا استعمال کر کے ایران کی سائنسی ترقی و پیشرفت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے ہندوستان کے وزیر دفاع کی سرکاری دعوت پر اور بحر ہند کے ساحلی ملکوں کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کی غرض سے گزشتہ ہفتے منگل کو ہندوستان کا دورہ کیا۔
اس درمیان ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادہ نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے اندرکمان بائیس قسم کے ایک بڑے ڈرون طیارے کی رونمائی کی جائے گی جو تین سو کلو گرام وزنی جنگی ساز و سامان حمل کرنے کی توانائی رکھتا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عزیز نصیر زادہ نے کہا کہ خلیج فارس میں ایرانی ساخت کے ڈرون طیارے، پانچ سو پونڈ وزنی بموں سے لیس ہیں۔ جنرل نصیر زادہ نے بتایا کہ ایران کے اسلامی انقلاب سے قبل ملک کا سارا دفاعی ساز و سامان، فوجیوں کی ٹریننگ اور دفاعی ساز و سامان میں استعمال کئے جانے والے تمام پرزے اور آلات مغربی ممالک پر منحصر تھے مگر اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد یہ سارا نظام رفتہ رفتہ تبدیل ہوتا چلا گیا اور آج ہم اپنے بل بوتے پر بہت آگے بڑھ چکے ہیں۔