ایران نے ایک اور کورونا ویکسین کی رونمائی کی
ایرانی ماہرین کی تیارہ کردہ دوسری کورونا ویکسین کی رونمائی اور کلینیکل ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
رازی کوو پارس کے نام سے تیار کی جانے والے دوسری ایرانی ویکسین، رازی ویکسین کمپنی نے بائیو ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی ہے اور اسے انسانی آزمائش کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے نئی ویکسین کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی نالج بیس کمپنیاں ویکسین کی تیاری کے موثر ترین طریقوں سے کام لے رہیں اور اب تک کورونا کی دو ویکسین تیار کی جا چکی ہیں۔
صدر ایران کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سورنا ستاری نے اس موقع پر کہا کہ اندرون ملک جدید ترین ٹکنالوجیوں اور طریقۂ کار کے مطابق ہر قسم کی ویکسین تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی کمپنیاں، کمزور شدہ وائرس اور غیر فعال وائرس کے ذریعے ویکسین تیار کرنے کی مہارت رکھتی ہیں۔
ایران کے وزیر زارعت کاظم خاوازی نے اس موقع پر بتایا کہ نئی کورونا ویکسین کی حیوانی آزمائش کامیابی کے ساتھ مکمل کرلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو پانچ سو حیوانات پر آزمایا گیا جن میں پچیس بندر بھی شامل تھے جو اس طرح کی آزمائش کے حوالے سے ایک ریکارڈ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی پہلی کورونا ویکسین کوو ایران برکت کی انسانی آزمائش کا پہلا مرحلہ ہفتے کے روز مکمل ہوگیا ہے۔