Feb ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۲ Asia/Tehran
  • اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات کا اعلان

اس سال انقلاب اسلامی کی سالگرہ پر عوامی ریلیوں کے بجائے کار اور موٹر سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی۔

یہ بات ایران کے محکمہ تبلیغات اسلامی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نصرت اللہ لطفی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے گیارہ فروری اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات کے مختلف پروگراموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر اس سال ریلیوں کے بجائے فیملی کار اور موٹر سائیکل ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلیوں کے اختتام پر صدر اور اعلی حکام کی تقاریر کا بھی کوئی پروگرام نہیں ہوگا بلکہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ذریعے صدر قوم سے خطاب کریں گے اور ریلیوں کی قرارداد بھی الیکٹرانک دستخطی مہم کے ذریعے منظور کرائی جائے گی-

نصرت اللہ لطفی نے کہا کہ اس سال  اسلامی انقلاب کی سالگرہ ماضی سے مختلف ہوگی اور خلائی میدان میں ایران کی کامیابیوں سے متعلق ایک نمائش تہران کے آزادی اسکوائر پر لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات کا باضابطہ آغاز آزادی اسکوائر پر صبح ساڑھے دس بجے تلاوت کلام اللہ مجید اور قومی ترانے سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر محفل شعر و سخن کا انعقاد کیا جائے گا اور آزادی اسکوائر سے رنگ برنگے غبارے فضا میں چھوڑے جائیں گے اور مختلف میوزیکل گروپ قومی اور ملی ترانے پیش کریں گے، جبکہ بری فوج کے ہیلی کاپٹر ہر سال کی طرح شہدائے انقلاب اور شہدائے دفاع مقدس کے مزارات پر پھول نچھاور کریں گے۔

ٹیگس