امریکہ پر اعتماد کرنا غلطی ہے: سربراہ عدلیہ ایران
ایرانی عدلیہ کے سربراہ نےامریکہ پر اعتماد کو دنیا بھر کے ملکوں کی غلطی قرار دیا ہے۔
بغداد میں عراقی کردستان ڈیموکریٹ پارٹی کے سربراہ مسعود بارزانی کے خصوصی ایلچی ہوشیار زیباری سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی عدلیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تاریخ واضح کرے گی کہ امریکہ پر اعتماد کرنا ایک غلطی ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے علاقے میں امریکہ کی موجودگی کو خطے کی اقوام کی سلامتی اور امن میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی کردستان کی سلامتی اور امن ایران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام کرد تنظیموں اور جماعتوں کے درمیان اتحاد کا خواہاں ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کے باہمی اختلافات کے نتیجے میں خطے کی سلامتی کے دشمنوں کو مداخلت کا موقع ملے گا۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عراقی کردستان شاندار تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور ادبی ورثے کا مالک ہے اور اسے اپنی تہذیب و ثقافت پر مغربی رنگ چڑھانے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔
کردستان ڈیموکریٹ پارٹی کے خصوصی ایلچی ہوشیار زیباری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مشترکہ تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے سے داعش کی نابودی میں ایران کے کردار کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔
ہوشیا زیباری نے عراقی کردستان اور ایران کے درمیان مجرموں کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر عملدآمد کے لیے کردستان ریجن کی آمادگی کا اعلان کیا۔