Feb ۱۷, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران عنقریب ویکسین برآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا

ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے کہا ہے کہ ویکسین کی پیداوار کے حوالے سے موثر اقدامات عمل میں لائے جا چکے ہیں اور ایران آئندہ چند ماہ کے دوران خطے کے ملکوں کو ویکسین برآمد کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

یہ بات انہوں نے عالمی ادارہ صحت کے مشرق وسطی کے ڈائریکٹر احمد المنظری کے ساتھ تہران میں ایک ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر سعید نمکی نے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے ایران اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان تعاون اطمینان بخش رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے چین کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹوں کے فورا بعد ہی خود کو کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے آمادہ کرنا شروع کر دیا تھا۔

ڈاکٹر سعید نمکی نے کہا کہ ایران میں نیشنل کورونا کنٹرول ہیڈکوارٹر اس وائرس کے مقابلے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ایران کے وزیر صحت نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باوجود ایران میں کسی بھی دوسرے مریض کو طبی خدمات سے محروم نہیں ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حتی ایران میں مقیم غیر ملکی شہریوں کو بھی کورونا کے حوالے سے طبی خدمات مفت فراہم کی گئیں۔

ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ ہم عالمی ادارہ صحت سے بھی درخواست کرتے رہے ہیں کہ وہ قابل اعتبار کورونا ویکسین کے حصول میں سہولتیں فراہم کرے۔

ٹیگس