فریق مقابل کی جانب سے اپنے وعدوں پر عمل کی صورت میں ایران بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا
ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے بدھ کی رات دونوں ملکوں کے آپسی تعلقات اور خطے اور دنیا کے تازہ حالات خاص طور پر ایٹمی مسئلے سے متعلقہ مسائل پر گفتگو کی ہے۔
محمد جواد ظریف اور توشیمتسو موتیگي نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں ایران اور جاپان کے تعلقات میں فروغ کی راہوں کو تلاش کرنے پر زور دیا۔ جاپان کے وزیر خارجہ نے ایٹمی معاہدے کی حمایت کی اور اس معاہدے کے تمام فریقوں کی جانب سے اپنی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے پر تاکید کی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ کورونا کے سبب پیدا ہونے والے حالات میں بہتری آنے کے بعد وہ جلد ہی تہران کا دورہ کریں گے۔
اس ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جاپان کے ساتھ ایران کے تعلقات میں فروغ اور اپنے جاپانی ہم منصب کے دورۂ تہران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایٹمی معاہدے میں ایران کے مقابل فریق اپنے وعدوں پر عمل کریں خاص طور پر پابندیوں کو ختم کریں تو اسلامی جمہوریہ ایران بھی اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے۔