Mar ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • ایرانی ویکسین کی انسانی آزمائش کا دوسرا اور تیسرا مرحلہ شروع

ایران کی پہلی کورونا ویکسین کوو ایران برکت کی انسانی آزمائش اور کلینیکل ٹرائل کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے

 کوو ایران برکت نامی پہلی ویکسین کی انسانی آزمائش کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب میں دو رضاکاروں کو یہ ویکسین لگائی گئی -

ایرانی ماہرین کی تیار کردہ پہلی کورونا ویکسین کوو ایران برکت کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کی انسانی آزمائش کی اجازت فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی اور وزارت صحت نے پہلے مرحلے کے مثبت نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے دی ہے -  

کوو ایران برکت نامی اس ویکسین  کی انسانی آزمائش کے پہلے مرحلے کا آغاز جنوری کی ابتدائی تاریخ میں کیا گیا تھا اور تین رضاکاروں کو یہ ویکسین لگایا گیا تھا۔

پروگرام کے مطابق کوو ایران برکت کے دوسرے اور تیسرے مرحلے  کی انسانی آزمائش یا کلینیکل ٹرائل کا عمل رواں سال اکیس مئی تک مکمل کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے ملک میں  کورونا ویکسین کی تیاری کو ایرانی سائنسدانوں کا قابل فخر کارنامہ قرار دیا ہے۔ پیر کے روز اپنے ایک بیان میں صدر ایران کا کہنا تھا کہ ملک پر مسلط کردہ شدید ترین پابندیوں کے درمیان ایرانی سائنسدانوں نے کورونا ویکسین تیار کرکے قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے۔

انہوں نے وزارت صحت کی ان کوششوں کی بھی قدر دانی کی  جو وہ روس، چین ہندوستان اور دیگر ملکوں سے قابل اطمینان کورونا ویکسین منگوانے کے لیے انجام دے رہی ہے۔

صدر ایران نے وزارت صحت، وزارت خارجہ اور خاص طور سے ایرانی سفیروں، مرکزی بینک اور محکمہ منصوبہ بندی و بجٹ کو ہدایت کی کہ وہ ملک کی ضرورت کے مطابق قابل اطمینان غیر ملکی کورونا ویکسین کی فراہمی کے لیے پوری تن دھی سے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی اہم اور قوم کے لیے باعث فخر ہے کہ ہم سخت حالات اور دشمن کی شدید اقتصادی جنگ کے باوجود، ملکی ویکسین کی تحقیق اور تیاری میں بھی کامیاب رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنی ضرورت کے مطابق غیر ملکی کورونا ویکسین کے حصول  کی موثر کوششیں انجام دے رہے ہیں۔

 صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایرانی عوام کو کورونا ویکسینیشن کے قومی پروگرام اور اس عظیم منصوبے کی تفصیلات سے پوری طرح آگاہ کیا جائے۔

 

ٹیگس