Mar ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • اعلی دفاعی اہداف کے حصول کی کوشش جاری رہے گی ، وزیردفاع حاتمی

ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ملک کے لیے اعلی ترین دفاعی اہداف کے حصول کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

وزارت دفاع کے اعلی ماہرین کی سالانہ کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کا کہنا تھا کہ رواں ایرانی سال کے دوران تمام تر پابندیوں اور خطرات کے باوجود ملک کی دفاعی صنعتوں نے شاندار ترقی کی ہے۔

ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع سے متعلق امریکی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیردفاع کا کہنا تھا کہ  ایران پر غلبہ پانے کے  لئے اس طرح  کے  اقدامات ماضی میں بھی امریکا کی طرف سے کئے  جاتے رہے ہیں اور اب بھی کیے جارہے ہیں لیکن دشمنوں کی سازشیں نہ صرف یہ کہ کامیاب نہیں ہوئیں بلکہ آج علاقے کی صورتحال امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حق میں نہیں ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیرحاتمی کے بقول، تہران کا علاقائی کردار جاری رہے گا، ہم  دفاعی اور میزائیلی طاقت کے حوالے سے بھی میدان میں بھی آگے بڑھتے رہیں گے اور مذکورہ  تمام میدانوں میں اعلی ترین اہداف کے حصول کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ایران کی عزت و سربلندی، رہبر انقلاب اسلامی کی مدبرانہ قیادت اور عوام کی بصیرت و استقامت کا نتیجہ  ہے اور اس میدان میں ملک کی مسلح افواج نے اہم کردار ادا کرکے طاقت کے توازن پر اثر انداز ہونے والی قوت حاصل کرلی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع امیر حاتمی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران کے غیور عوام  ترقی و پیشرفت کی چوٹیاں فتح کرنے کے لیے استقامت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔

دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران میں موسوم یوم جانباز کے موقع پر جاری کیے جانے والے ایک بیان میں دفاع مقدس کے دوران شہدا اور غازیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کے بیان میں آیا ہے کہ ہمارے شہدا اور شجاع جانبازاسلامی  نظام   کی طاقت شمار ہوتے ہیں جنہوں نے نہ صرف آٹھ سالہ جنگ کے دوران  بھرپور کردار ادا کیا بلکہ مدافع حرم کا تمغہ بھی اپنے سینوں پر سجا کر ملک کا اسٹریٹیجک سرمایہ بن گئے ہیں۔

بیان میں آیا ہے کہ ایسے مومن، مخلص، بے لوث اور گمنام انسانوں نے خیمہ ولایت کو ہر گزند سے محفوظ رکھا ہے۔

 

ٹیگس