Mar ۲۸, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۵ Asia/Tehran
  • تہران میں کورونا کے حوالے سے نئی پابندیوں کا اعلان

ایران کے نائب وزیر صحت نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر دارالحکومت تہران اور اس کے نواحی شہروں میں نئی پابندیاں عائد کرنے اعلان کیا ہے۔

ڈاکٹرایرج حریرچی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کورونا کے حوالے سے تہران کے یلو زون میں تبدیل ہوجانے کے پیش نظر نئی پابندیاں عائد کی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تہران میں عوامی خدمات فراہم کرنے والے ادارے ایک تہائی ملازمین کے ساتھ کام کریں گے جبکہ باقی اداروں میں ملازمین کی تعداد نصف رہے گی۔

ایران کے نائب وزیر صحت نے کہا کہ اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور دینی مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تہران میں نماز جمعہ اور جماعت کے اجتماعات سمیت تمام مذہبی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی بند رہیں گی۔

دوسری جانب ایران کی وزارت صحت کی ترجمان ڈاکٹر سیما سادات لاری نے بتایا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے نواسی افراد کی موت کے بعد ملک میں مرنے والوں کی تعداد ، باسٹھ ہزار تین سو ستانوے ہوگئی ہے۔ انہوں نےبتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید آٹھ ہزار سات سو پچاس سے زائد افراد کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔

ٹیگس