بین الافغان مذاکرات کی ضرورت پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الافغان مذاکرات کو ضروری قرار دیا ہے۔
تاجیکستان کے دارالحکومت دو شنبہ میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام کا قیام، بین الافغان مذاکرات میں مضمر ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے خطاب میں ایران کی ان کوششوں کا بھی ذکر کیا جو وہ افغانستان میں امن و استحکام کے حوالے سے علاقائی ہم آہنگی پیدا کرنے کی غرض سے انجام دے رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے، بین الافغان مذاکرات میں سہولتیں فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ امن کے کسی بھی سمجھوتے میں افغان عوام کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کی ضمانت فراہم کی جانی چاہیے۔
وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایک بار پھر بین الافغان مذاکرات کو افغانستان میں قیام امن کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔