ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی اقتصادی دہشتگردی جاری ہے : صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایرانی عوام کے خلاف امریکی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی غیرمعمولی اقتصادی دہشتگردی کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے -
صدر حسن روحانی نے منگل کو ایک اجلاس میں کہا کہ سب جانتے ہیں کہ ہمیں ملک کے خلاف ایسی اقتصادی جنگ کا سامنا رہا ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور تمام بین الاقوامی ماہرین اعتراف کرتے ہیں کہ اگر کسی بھی دوسرے ملک پر ایسی اقتصادی جنگ مسلط کی گئی ہوتی تو اس کے اقتصاد کا شیرازہ بکھر گیا ہوتا ۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ان تمام مسائل ومشکلات کو برداشت کیا یہاں تک کہ امریکی حکام ، ایرانی عوام کی بنیادی ضرورت کی چیزوں اور غذائی اشیا کے سلسلے میں بھی مداخلت کرتے ہیں اور ہم پر متعدد طرح کی پابندیاں عائد کئے ہوئے ہیں ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ یہ تاریخ میں امریکہ کے لئے سب سے بڑی ذلت ہے کہ اس نے ایران کے خلاف ایسی خطرناک اقتصادی دہشتگردی اور جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور اسے پوری دنیا دیکھ رہی ہے اور اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے ۔ایران کے صدر حسن روحانی نے گذشتہ برس سے جاری کورونا کے پھیلاؤ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دوسری عالمی جنگ کے بعد اب تک ایسے چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا تھا - انھوں نے کہا کہ تقریبا گذشتہ ایک صدی سے یعنی انیس سو اٹھارہ سے اب تک دنیا نے ایسی خطرناک وبا نہیں دیکھی کہ جو اس وقت ایک بحران میں تبدیل ہوگئی ہے