امریکہ کی تمام پابندیوں کا خاتمہ ہی ایران کا واضح موقف ہے: رئيسی
ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے زور دے کر کہا ہے کہ امریکہ کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کا واضح اور اسٹریٹیجک موقف، تمام پابندیوں کا خاتمہ ہے۔
سید ابراہیم رئيسی نے اتوار کے روز اپنی ایک تقریر میں قائد انقلاب اسلامی کی جانب سے ایٹمی مسئلے کے سلسلے میں ایران کی اسٹریٹیجی کے تعین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکہ کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی واضح اور اسٹریٹیجک پالیسی یہ ہے کہ امریکہ اپنی تمام پابندیوں کو ختم کرے۔ انھوں نے کہا کہ ایران، پہلے پابندیوں کے خاتمے کو پرکھے گا اور اس کے بعد ہی ایٹمی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے گا۔
ایران کی عدلیہ کے سربراہ نے کہا کہ امریکی ہمیشہ ہی ایرانی قوم کے سلسلے میں سامراجی اہداف کے تحت کام کرتے رہے ہیں اور اگر آج وہ اس رویے کے خاتمے کے دعویدار ہیں تو اس چیز کو عملی میدان میں ثابت ہونا چاہیے۔ رئيسی نے کہا کہ قائد انقلاب اسلامی، قومی عزت و افتخار کے تحفظ کے خواہاں ہیں جسے دشمن پامال کرنا چاہتا ہے لیکن ہمیں اس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے دشمن کو اس کے ہدف تک نہیں پہنچنے دینا چاہیے۔