ملک گیر کورونا مہم جلد شروع ہوگی، نائب وزیر صحت کا اعلان
ایران کے نائب وزیرصحت نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا ویکسینیشن مہم میں اندرون ملک تیار کی جانے والی ویکسین کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔
نائب وزیرصحت قاسم جان بابائی کا کہنا تھا کہ اندرون ملک تیار کی جانے والی کورونا ویکسین کے ذریعے ملک گیر ویکسینیشن مہم موسم بہار کے آخر میں شروع کردی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ویکسین کی تیاری کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کورونا ویکسین کے حصول کی کوششیں بھی جاری رہے گی۔
ایران کے نائـب وزیر صحت نے کہا کہ ایران کورونا ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کے نتیجے میں موسم بہار تک توقع ہے کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے صورتحال کافی حد تک بہتر ہوجائے گی۔
دوسری جانب ایران کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ترجمان کیانوش جہانپور نے بتایا کہ دو یورپی ملکوں سمیت دنیا کے پانچ ملکوں نے ایرانی کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے رابطے کیے ہیں۔
اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران کی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پیداواری گنجائش میں اضافے کی کوشش جاری ہے اور ہم بہت جلد کورونا کی دوکروڑ ڈوز ماہانہ تیار کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔