Apr ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • ویانا میں مذاکرات کا عمل بدستور جاری

یانا میں ایران اور گروپ چار جمع ایک کے مذاکرات کار وفود کے مابین مذاکرات کا سلسلہ مختلف سطوح پر بدستور جاری ہے-

ویانا میں ایران اور گروپ چارجمع ایک کے مذاکرات کار وفود کے مابین مختلف شکلوں اور سطحوں پر مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے اور ماہرین کے ورکنگ گروپس، ایران کے خلاف پابندیوں کی منسوخی اور جوہری امور کے دونوں شعبوں پر مسلسل تبادلہ خیال کررہے ہیں۔

گزشتہ روز جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے اجلاس کی سائڈ لائن میں گروپ چار جمع ایک کے مذکرات کار وفود کے درمیان  اب تک کئی بار دو  فریقی اور چند فریقی ملاقاتوں کا انعقاد کیا گیا۔

اس کے علاوہ ایرانی وفد  کے سربراہ نائب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے  یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے نائب سربراہ اور یورپی یونین کے وفد کے سربراہ  انرکہ مورا سے ملاقات کی۔

  تین یورپی ملکوں کے وفود کےسربراہوں نے بھی ایک مشترکہ اجلاس کے دوران ایران کے نائب وزیرخارجہ سے ملاقات کی۔

اس کے علاوہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں کی منسوخی  اور جوہری معاملات سے متعلق  شعبوں میں ماہرین کے ورکنگ گروپس کی میٹنگیں بھی حالیہ دنوں میں معمول کے مطابق منعقد کی گئیں۔

مشترکہ کمیشن کے ہفتے کے روز کے اجلاس میں ورکنگ گروپس کی جانب سے پیش کی جانی والی رپورٹ اور ان کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ آنے والے دنوں میں دو طرفہ اور کثیر جہتی بات چیت کے ساتھ ساتھ تکنیکی مشاورت بھی جاری رہے گی اور اگر ضرورت ہو تو جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے مزید اجلاسوں کا انعقاد ہوگا۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ویانا میں ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے ہفتے کے روز کے اجلاس کے بعد ٹوئٹ کیا ہے کہ کئی دن کے پیچیدہ مذاکرات کے بعد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اب صحیح سمت میں راستہ طے کیا جا رہا ہے تاہم ابھی بھی کافی دشوار مسائل کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا ہے کہ ابھی کسی نتیجے کی پیشن گوئی کرنا قبل از وقت  ہوگا اور ماہرین کے ورکنگ گروپ اہم نکات کو واضح اور شفاف بنانے کے لئے اپنے سخت و پیچیدہ امور انجام دیتے رہیں گے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے مشترکہ کمیشن کے مذاکرات ایسے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جس میں تمام فریق ایک مشترکہ متن پر کام شروع کر سکتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ ایرانی وفد نے جوہری شعبے اور پابندیوں کے خاتمے کے سلسلے میں اپنے نقطہ نظر سے متعلق متن تیار کرلیا ہے اور اسے تمام فریقوں کو پیش کر دیا ہے اور وہی متن مذاکرات اور کسی حتمی سمجھوتے پر پہنچنے کی بنیاد بن سکتا ہے۔

 

 

 

ٹیگس