Apr ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
  • تکنیکی لحاظ سے کم وقت میں ایٹمی سمجھوتے کی بحالی کا امکان موجود ہے : حکومت ایران

حکومت ایران نے کہا ہے کہ کم عرصے میں ہی تکنیکی لحاظ سے ایٹمی سمجھوتے کے منافی پابندیوں کے خاتمے اور اس سمجھوتے کی مکمل بحالی کا امکان موجود ہے -

حکومت ایران کے ترجمان علی ربیعی نے منگل کو ایک آنلائن پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں اپنے حق کی بازیابی کے لئے کوئی جلدی نہیں ہے اور ایٹمی سمجھوتے کے دائرے سے الگ ہٹ کر کسی طرح کی مراعات نہیں دی جائے گی۔

ایران کی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ بعض دعؤوں کے برخلاف امریکی حکومت بھی کم عرصے میں ایٹمی سمجھوتے میں واپس آسکتی ہے اورایران بھی اطمینان حاصل کرلینے کے بعد سمجھوتے پرمکمل عمل درآمد بحال کرسکتا ہے۔

حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے کورونا ویکسین کی خریداری کے سلسلے میں حکومت کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ، کواکس ویکسین کی خریداری کا آرڈر دینے والے ابتدائی ملکوں میں تھا تاہم ظالمانہ پابندیوں کی وجہ سے اسے ویکسین نہیں مل سکی ۔

ایران کی حکومت کے ترجمان نے روس سے ساٹھ ملین ڈوز کورونا ویکسین کی خریداری کے معاہدے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران، کیوبا کے ساتھ مشترکہ طور پر بھی کورونا ویکسین بنا رہا ہے ۔

علی ربیعی نے کہا کہ ایران مستقل طورپر بھی کورونا ویکسین تیار کررہا ہے جو آخری مرحلے میں ہے اور جلد ہی اس کا استعمال شروع ہوجائے گا۔

ٹیگس