بڑے پیمانے پر ویکسینیشن حکومت کی ترجیحات میں ہے : صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ عوام کی جان کی حفاظت کے لئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسینیشن حکومت کے پروگراموں میں سرفہرست ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو حکومت کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی غیرانسانی پابندیوں اور اقتصادی جنگ کے باوجود حکومت نے پوری کوشش کی ہے کہ دنیا میں ویکسین کی قلت اور طلب میں غیر معمولی اضافے کے بعد بھی ویکسین کو درآمد کرنے کی راہ میں سبھی مشکلات کو برطرف کردے-
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایسے عالم میں جب گذشتہ تین برسوں سے دشمن ، مسلط کردہ اقتصادی جنگ کے ذریعے ملک میں قحط پیدا کرنے کی کوشش کر رہا تھا ، حکومت نے بھاری مقدار میں بڑے پیمانے پر سامان تقسیم کرکے دشمن کے عزائم ناکام بنا دیئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عوام کی معیشت اور کارخانوں کے لئے خام مال فراہم کرنے میں حکومت کے مرکزی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی ضرورت اور کارخانوں کے لئے خام مال بلاسبب کسٹم میں پھنسا نہیں رہنا چاہئے بلکہ مقررہ قوانین کے مطابق جلد سے جلد کلیئرنس ملنا چاہئے۔