دباؤ اور پابندیاں ملت ایران کی پیشرفت نہیں روک سکتیں : صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ دباؤ اور پابندیاں ، پیشرفت کی راہ پر ایرانی عوام کے قدم کو نہیں روک سکتیں-
صدر حسن روحانی نے وزارت زراعت کے قومی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کا افتتاح کرنے کا ایک مقصد دنیا کو یہ بتانا تھا کہ پابندیاں اوردباؤ ایرانی عوام کو پیشرفت کی راہ پر آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتیں۔
صدرمملکت نے کہا کہ گذشتہ مہینوں میں ہمیں سخت پابندیوں اور کورونا کے پھیلاؤ کا سامنا رہا تاہم ہم نے اہم پیداواری منصوبوں کو جاری رکھا۔
صدر مملکت نے کہا کہ دوہزار تیرہ میں آب پاشی کے جدید ترین وسائل کے ذریعے بارہ لاکھ ہیکٹر زمینوں کی آبپاشی کی گئی تھی جب کہ اس کے مقابلے میں اس وقت اس سے چوبیس لاکھ ہیکٹر زمینوں کی آبپاشی کی جا سکتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ پابندیاں ، ملت ایران پر ایک بڑا ظلم ہے کہا کہ جب ہم دیکھیں گے کہ فریق مقابل آئین و قانون پر عمل درآمد کرنے کے لئے تیار ہوگیا ہے تو ہم بھی ایٹمی سمجھوتے پر مکمل عمل درآمد میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کریں گے۔
صدرمملکت حسن روحانی نے کہا کہ جس وقت بھی ہم دیکھیں گے کہ ایران کے عوام کا حق اب لے سکتے ہیں تو اس کے لئے ایک لمحہ بھی پس و پیش نہیں کریں گے۔