شہید جنرل سلیمانی کو خراج تحسین
سردارمحاذ استقامت شہید جنرل سلیمانی خارجہ پالیسی کے بھی ماہر تھے اور انھوں نے امریکا اور صیہونیوں کی سازش کو ناکام بنادیا۔
صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ایک ماہر فوجی جرنیل کے ساتھ ہی خارجہ پالیسی کا ماہر بھی قرار دیا۔
ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ آج امریکی انتہا پسندوں، صیہونی حکومت اور علاقے کی رجعت پسند حکومتوں کی تلملاہٹ کا دور ہے کیونکہ انھوں نے جو منصوبہ بندی کی تھی وہ نقش برآب ہوگئی۔
صدر ایران نے کہا کہ ٹرمپ کو ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے لئے صیہونیوں نے ورغلایا تھا۔ انھوں نے کہا کہ سردارمحاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت بھی صیہونیوں کی ہی سازش تھی۔
انھوں نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی کا قاتل ٹرمپ ہے لیکن ان کے قتل کی سازش میں بھی صیہونیوں کا بنیادی کردارتھا۔
انھوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی نے اس خطے میں امریکیوں اور صیہونیوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیا ۔ صدرایران نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی خارجہ پالیسی کے بھی ماہر اور بالخصوص خطے سے متعلق خارجہ پالیسی کے بہتر مشیر تھے۔
انھوں نے کہا کہ آج امریکا اور گروپ چار جمع ایک کے اراکین اچھی طرح سمجھ گئے ہیں کہ اب ان کے سامنے ایران کی حقانیت کو سمجھنے اور اس کے سامنے جھکنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔