May ۰۹, ۲۰۲۱ ۲۱:۰۹ Asia/Tehran
  • حماس کے سربراہ کا رہبرانقلاب اسلامی کے نام خط

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے رہبرانقلاب اسلامی کے نام ایک خط میں بیت المقدس کی تازہ ترین صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے، اسلامی دنیا سے ٹھوس موقف اپنائے جانے کی اپیل کی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اتوار کے روز رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام خط میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی، یہودی بستیوں کو قانونی شکل دینے، مسجدالاقصی کو تقسیم کرنے اور موجودہ صورتحال کو تبدیل کرنے کی سرتوڑ کوشش کی جارہی ہے۔

حماس کے سربراہ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ صیہونیوں نے جرائم کی تمام حدیں عبور کرلی ہیں، پوری امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح اور بیت المقدس کے تاریخی اور اسلامی تشخص نیز یہاں رہنے والوں کی روزی روٹی اور ان کے مستقبل کو نشانہ بنانے کے علاوہ اب مسجد الاقصی اور اس کے محافظوں پر براہ راست حملے کر رہے ہیں۔

اسما‏عیل ہنیہ نے رہبرانقلاب اسلامی کے نام اپنے خط میں صیہونی اقدامات کے مقابلے میں عالم اسلام کی جانب سے فوری اور ٹھوس موقف اپنائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حماس کے سربراہ نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ صیہونی دشمن کو فلسطینیوں اور سرزمین فلسطین، مقبوضہ بیت المقدس میں موجود اسلامی مقدسات اور خاص طور سے مسجد الاقصی کے خلاف وحشیانہ جرائم سے باز رکھنے کے لیے، اسلامی دنیا کو متحرک کرنے نیز بھر پور عرب اسلامی اور بین الاقوامی سفارت کاری سے کام لینے کی ضرورت ہے۔

ٹیگس