May ۱۰, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • شہید قاسم سلیمانی  کا بدلہ ضرور لیا جائے گا ،  حکومت عراق ایرانی سفارتی مراکز کی حفاظت کرے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کربلائے معلی میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت عراق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے سفارتی دفاتر کی حفاظت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔

 پیر کو ہفتہ وار آن لائن پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے نے کہا کہ انہوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات تہران میں عراقی سفارت خانے کو ایک مراسلہ بھی ارسال کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں  کہ حکومت عراق اپنی ذمہ داریوں پر بخوبی عمل کرے گی۔

ا نہوں نے سردار محاذ استقامت شہید جنرل   قاسم سلیمان کے قتل میں صیہونی حکومت اور بعض دیگر قوتوں کے ملوث ہونے کے بارے میں یاھو نیوز کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا  کہ ایسی بہت سی رپورٹیں ہماری نگاہوں سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ تہران کا موقف پوری طرح واضح ہے کہ شہید قاسم سلیمانی کے بزدلانہ قتل میں براہ راست یا بالواسطہ طور پر ملوث ہر شخص کو سزا دی جائے گی۔

  ترجمان وزارت خارجہ  نے اپنی پریس بریفنگ کے دوران، وزیر خارجہ کے مشیر اعلی علی اصغر خاجی کی یمن کے امور میں اپنے سوئڈش ہم منصب کے ساتھ ملاقات نیز ایران کے وزیر خارجہ کی اپنے شامی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے بتایا کہ شام کے وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو دورے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کرلیا ہے۔

 ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان نے آئی اے ای اے کے ساتھ طے پانے والے عارضی سمجھوتے میں توسیع کے امکان کے بارے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تہران کے اس موقف کا پھر اعادہ کیا کہ ویانا مذاکرات کے حوالے سے ہمیں کوئی عجلت نہیں تاہم مذاکرات کو غیر ضروری طور پر طول دینے   کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ تہران کے عملی اقدامات کی راہ میں کوئی تاریخ حائل ہو۔  ترجمان وزارت خارجہ  نے کابل کے سید الشہدا گرلز اسکول پر دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے عوام اور حکومت کو تعزیت بھی پیش۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انتہا پسندانہ سوچ اور داعشی اور تکفیری گروہوں کے خلاف سب کو متحدہ ہوکر جدوجہد کرنا چاہیے۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں 

 

ٹیگس