May ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران اور چارجمع ایک کے درمیان ابتدائی سمجھوتے کی تردید

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ویانا مذاکرات کے دوران ابتدائی اتفاق رائے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

 پیرکے روز ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ ایران اور چار جمع ایک کے درمیان ابتدائی سمجھوتہ نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جب تک تمام شرائط پر اتفاق رائے نہیں ہوجاتا اس وقت تک کسی سمجھوتے کا امکان نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ویانا مذاکرات کے دوران بہت سے معاملات پر اتفاق رائے ہوگیا ہے مگر تھوڑے بہت معاملات باقی ہیں جن پر اتفاق رائے کے لیے سیاسی فیصلوں کی ضرورت ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈل ایسٹ آئی نامی جریدے میں شائع ہونے والی اس خبر کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کردیا کہ تہران نے ریاض کے ساتھ مذاکرات میں تیل کی فروخت اور امریکی پابندیوں کو بائی پاس کرنے کی غرض سے مدد کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے مذاکرات دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے بارے میں جاری ہیں اور مذکورہ خبر من گھڑت ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی۔

ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کے عارضی سمجھوتے کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ، ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان سمجھوتہ،پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کے مطابق ہے اور یہ بل لازم الاجرا ہے۔

ٹیگس