May ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • صیہونیت کا کمزور درخت جلد اکھڑنے والا ہے، دشمن کو اپنی کمزوریوں کا اعتراف ہے: ایرانی وزیر دفاع

ایران کی وزارت دفاع کے ماہرین کی تیار کردہ دفاعی اور صنعتی مصنوعات کی نمائش آج سے شروع ہوگئی ہے۔

یوم استقامت و ایثار و فتح یعنی خرمشہر کی آزادی کی سالگرہ کے موقع پر شروع ہونے والی دفاعی اور صنعتی ترقی کی اس نمائش کا افتتاح ، ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کیا۔

ایران کی وزارت دفاع کی کاوشوں سے لگائی جانے والی اس نمائش کے دفاعی شعبے میں ، اینٹی ٹینک میزائل، زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل، انواع و اقسام کے اسمارٹ ہتھیار ، انتہائی جدید ترین فوجی گاڑیاں شامل ہیں۔

صنعتی شعبے میں تیل، گیس، کان کنی اور کیمیائی صنعتوں کی جدید ترین مشینوں اور آلات کے علاوہ ماحولیات کا تحفظ کرنے والے وسائل بھی شامل ہیں۔

دفاعی اور صنعتی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ آج ہمارا ملک موجودہ صدی کے بے مثال دور میں داخل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اور عوامی طاقت کے امتزاج نے ملک کو ایسی طاقت عطا کردی ہے جو انتہائی قابل بھروسہ ہے اور ہم اس پر فخر کرتے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران کی اس طاقت کا مختلف میدانوں میں مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور ہمارا دشمن کف افسوس ملتے ہوئے اپنی برتری ختم ہوجانے کا اعتراف کر رہا ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایران اپنی دفاعی طاقت کو گہری اور صحیح منطق کے مطابق استعمال کرے گا اور وہ یہ ہے کہ خطے کے تمام ممالک کو یکساں سلامتی حاصل ہونا چاہیے۔

انہوں نے ایران کی دفاعی اسٹریٹیجی کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ ،عسکری شعبے کے تمام میدانوں میں اسٹریٹیجک ہتھیاروں کا حصول ہمارے مقاصد میں سرفہرست ہے اور میزائل ٹیکنالوجی کے لحاظ سے آج ہم حقیقی طاقت حاصل کرچکے ہیں۔

امیر حاتمی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج اپنے مشن کی انجام دہی کی پوری توانائی رکھتی ہیں اور بلاشبہ ایران دنیا کی ایک روایتی میزائل طاقت میں تبدیل ہو چکا ہے۔ایران کے وزیر دفاع نے غزہ کے خلاف جنگ میں صیہونی حکومت کی ذلت آمیز شکست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ، صیہونیت کا کمزور درخت اور زیادہ بوسیدہ ہوچکا ہے اور غزہ کی حالیہ جنگ نے ثابت کردیا ہے کہ یہ درخت بہت جلد اکھڑنے والا ہے۔

ٹیگس