May ۲۳, ۲۰۲۱ ۲۲:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام، کئی ٹیمیں تباہ

ایران کی انٹیلیجنس نے سیستان و بلوچستان اور مغربی آذربائیجان کے صوبوں میں تین دہشت گرد ٹیموں کا خاتمہ کردیا۔

خبر رساں ایجنسی ایرنا کی رپورٹ کے مطابق ، وزارت انٹلیجنس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ انٹیلیجنس اہلکاروں نے سیستان و بلوچستان اور مغربی آذربائیجان صوبوں میں کارروائی کی اور دہشت گردوں کی تین ٹیموں کو تباہ کردیا اور صوبہ سیستان و بلوچستان کے علاقے سروان میں گزشتہ 21 مارچ کو دہشت گردانہ دھماکے کے مجرموں کو گرفتار کرلیا ۔

اس رپورٹ کی بنیاد پر سروان میں دہشت گردی کے دھماکے میں ایک 16 سالہ بلوچ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ متعدد بے گناہ راہگیر بھی زخمی ہوئے تھے۔

ایران کی وزارت انٹلیجنس نے اسی طرح کی اطلاع دی ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق دہشت گرد گروہ "جیش الظلم" سے تھا اور انہوں نے ایران سے باہر کسی ملک میں ٹریننگ حاصل کی تھی۔

ان دہشت گردوں نے غیر ملکی عناصر کی ہدایت پر حملہ کیا تھا۔  وزارت انٹلیجنس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کی ایک دوسری ٹیم کی شناخت صوبہ سیستان و بلوچستان میں کی گئی ، جس کے بعد اس کے عناصر کو گرفتار کرلیا گیا اور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کو پہلے ہی ناکام بنا دیا گیا۔

اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی ایک ٹیم عراق سے ایران میں داخل ہوئی تھی جس پر نظر رکھی جا رہی تھی اور ان میں سے دو سرحدی علاقے ارومیہ میں جھڑپ میں مارے گئے جبکہ ایک دہشت گرد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ 

ٹیگس